ای سی سی اجلاس میں 2 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری

641

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 2 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دے دی.

ذرائع کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے 19 اشیاء جن میں گھی، چینی، آٹا، تیل، دالیں، سفید چنے، بیسن، کھجوریں، چاول، سکوائشز، بلیک ٹی، مصالحے ا‌ور دودھ کو ریلیف پیکج میں شامل کرنے کی تجویز دی تھی.

اس سبسڈی کا بنیادی مقصد کم آمدن والے خآندانوں کو اشیائے ضروریہ سستے داموں مہیا کرنا ہے.

وزارت صنعت و پیداوار نے یہ بھی تجویز دی کہ رمضان ریلیف پیکج یکم مئی سے شروع کر دیا جائے کیونکہ ماہ رمضان مئی کے دوسرے ہفتے شروع ہو جائے گا.

ذرائع کے مطابق جمعرات کو کابینہ کے اجلاس میں ای سی سی کے فیصلے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے.

یوٹلیٹی سٹورز کارپوریشن نے پہلے ہی اس سلسلے میں اقدامات شروع کردیے ہیں. جبکہ وزارت ایک سپیشل مانیٹرنگ پلان بھی بنا رہی ہے تاکہ ملک بھر میں سٹورز پر سستے داموں اشیائے ضروریہ کی ترسیل ممکن بنائی جا سکے.

صارفین کو چنے کی دال پر 20 روپے، دال ماش پر دس رپے، گھی پر 15 روپے، آٹے پر 4 روپے، چینی پر 5 روپے، سفید چنے پر 25 روپے، چاول ٹوٹے پر 15 روپے، دودھ پر 15 روپے، کجھوروں پر 30 روپے جبکہ بیسن پر 20 روپے سبسڈی ملے گی.

ای سی سی اجلاس میں ایف بی آر کی ریونیو کولیکشن کپیسٹی بڑھانےکیلئے 1 ارب روپے ضمنی گرانٹ منظور کی گئی، رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ایف بی آر کو 230 ارب روپے ٹیکس میں کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے.

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ٹیکسٹائل ڈویژن کیلئے 16.976 ملین روپے کی بھی منظوری دی. فنانس ڈویژن میں فنانشل انکیوژن اینڈ انفراسٹرکچر پروجیکٹس کیلئے 7.4 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی. کمیٹی نے ایس اے پی سافٹ وئیر لائسنس پیمنٹ کیلئے 5620 ملین روپے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ اور 742.5 ملین روپے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی.

ای سی سی نے پاکستان سٹیل ملز کے فوت شدہ ملازمین کے قانونی وارثوں کو پروویڈنٹ فنڈ کی مد میں ادائیگیوں کیلئے بھی گرانٹ کی منظوری دے دی.

اس موقع پر سیکریٹری آبی وسائل اور چیئرمین واپڈا نے مہمند ڈیم، دیا میر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم سمیت مختلف آبی منصوبوں کے حوالے سے الگ الگ پریزنٹیشن دی.

سیکریٹری کامرس نے اس موقع پر کمیٹی کو برآمدات کے مختصر المدتی امکانات سے آگاہ کیا. کمیٹی نے سیکریٹری کامرس کو 31 مارچ سے قبل آئندہ سال میں برآمدات میں اضافے کیلئے ایک پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here