لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جلد ریلوے سسٹم ایران، افغانستان، ترکی اور روس تک توسیع دی جائے گی جس کے لیے ایران اور ترکی نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے.
اس بات کا اعلان انہوں نے ہفتے کو مغلپورہ کیرج شاپ میں ریلوے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا.
شیخ رشید احمد نے ورکرز کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ بجٹ میں انکے سکیل کی اپ گریڈیشن کیلئے کوشش کریں گے. انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے 3 ہزار روپے فی کس کا اعلان بھی کیا.
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس کا کرایہ 7 ہزار مقرر کیا گیا لیکن دوسری وی آئی پی ٹرین سر سید ایکسپریس کا کرایہ کسی صورت 10 ہزار سے کم نہیںہو گا چاہے ریلوے افسران اسکی مخالفت کریں.
انہوں نے کہا کہ صرف ریلوے نے 10 ہزار نوکریوں کا اعلان کیا ہے. دوسرے کسی ادارے نے ایسا نہیں کیا.
وزیر ریلوے نے یقین دہانی کرائی کہ ٹی ایل اے ایمپائیز کو بھی نئی بھرتیوں میں جگہ دی جائے گی.
انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے ریلوے ملازمین کیلئے کچھ نہیں کیا اور بھرتیوں میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں. ماضی میں چند اسٹیشنز کی تزئین و آرائش پر اربوں روپے ضائع کیے گئے کیونکہ ان اشٹیشنز کی آمدنی ناکافی تھی. لاہور کراچی اور کچھ دیگر ریلوے اشٹینز کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے.
انہوں نے کہا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کو ماڈل اسٹیشن بنایا جائیگا کیونکہ یہ ریلوے کا دل ہے.
شیخ رشید نے کہا کہ ملک کی تباہی میں کرپشن بنیادی وجہ ہے. ہم وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت ریلوے کو کرپشن سے پاک کریں گے. آنے والا وقت ریلوے کا سنہری دور ہوگا.
قبل ازیں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے چیئرمین پاکستان ریلویز سلطان سکندر راجہ، سی ای او ایم آفتاب اکبر اور دیگر حکام کے ہمراہ جناح ایکسپریس کے ٹریکس کا معائنہ کیا.