اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ممالک پاکستانی تجارتی مشنز میں ٹریڈ آفیسرز کی اسامیوں کیلئے 20 فیصد کوٹہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مختص کرنے کی منظوری دے دی.
یہ فیصلہ ٹریڈ آفیسرزکی پوسٹنگ سے متعلق وزیراعظم کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا.
وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ خطے کی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پاکستان کے تجارتی مفادات کے فروغ کیلئے ٹریڈ آفیسرز کی تقرریوں کا نظام بہتر بنایا جائے.
خیال رہے کہ وزیراعظم نے ٹریڈ آفیسرزکی تعیناتی کاطریقہ کار بدلنےکی ہدایت کی تھی، نئی منظور شدہ پالیسی میں میرٹ اور شفافیت کومد نظر رکھا گیا.
اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق ٹریڈ افسران کی کارکردگی مانیٹرکی جائے گی، مستقبل میں کارکردگی جانچنے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا.
اس موقع پر سیکریٹری کامرس یونس دھاگا نے وزیراعظم کوٹریڈ ڈیٹا سسٹم پربریفنگ دی اور مطلع کیا کہ تجزیاتی سسٹم ملک میں تجارتی مفادات کے فروغ میں مدد دے گا.