تجارت اور سرمایہ کاری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں، وزیراعظم عمران خان

568

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے تجارت اور سرمایہ کاری کو خارجہ پالیسی کااہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کے پہلے چھ ماہ کے دوران معاشی استحکام کے نہایت کٹھن چیلنج سے نبر آزما ہونے کے بعد اب معاشی نمو کے فروغ پر توجہ مرکوز ہے، ملک کی معیشت کے حوالے سے بین الاقوامی برادری میں مثبت جذبات پائے جاتے ہیں جن سے استفادے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو کاروباری برادری کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ملاقات کرنے والے وفد میں صدر اوورسیز انویسٹر چیمبر شازیہ سید، چئیرمین پاکستان بزنس کونسل سیّد یاور علی، مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان سٹاک ایکسچینج رچرڈ مورن، چیئرمین پاکستان سٹاک ایکسچینج سلیمان مہدی، صدر کے سی سی آئی جنید اسمعیل مکدا، صدر لاہور چیمبر الماس حیدر، چئیرمیمین ایپٹما سیّد علی احسن، صدر ایف پی سی سی آئی انجینئر ڈارو خان اچکزئی، صدر سیالکوٹ چیمبر خواجہ مسعود اختر اور نمائندہ پاکستان بنک ایسوسی ایشن شامل تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ٹیکس دینے کے لئے راغب کرنے اور غیر رسمی شعبوں کو دستاویزی معیشت میں شامل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ پرکام کررہی ہے۔ وزیر اعظم نے کاروباری شخصیات کو اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کرنے کی دعوت دی۔ کاروباری رہنمائوں نے حکومت کی پالیسیوں اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ او آئی سی سی آئی کے صدر نے وزیر اعظم کو بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جس سے بین الاقوامی برادری کے روبرو پاکستان کی اقتصادی صلاحیت اجاگر ہو گی۔ اس موقع پر وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر وزیراعظم عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، چئیرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ ہارون شریف بھی ملاقات میں موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here