سام سنگ کا پہلا 5 جی اسمارٹ فون پیش کردیا گیا

1004

لاہور: سام سنگ نے اپنا پہلا 5 جی ٹیکنالوجی سپورٹ کرنے والا فون متعارف کرادیا ہے جو گلیکسی ایس 10 سیریز کا چوتھا فون ہے۔
گزشتہ شب سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران گلیکسی ایس 10 فائیو جی فون کو پیش کیا گیا جو فائیو جی نیٹ ورکس پر کام کرے گا۔
یہ ڈسپلے کے لحاظ سے سام سنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا فون ہے جس میں 6.7 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اسکرین بڑی ضرور ہے مگر اس کا حجم نوٹ 9 جتنا ہی ہے یعنی بیزل کم کرکے اسکرین کو بڑا کیا گیا ہے۔
اس فون میں بیٹری بھی سب سے بڑی ہے جو 4500 ایم اے ایچ ہے۔
اس فون میں اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے مگر اس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ موجود نہیں۔
باقی فیچرز کے لحاظ سے یہ ایس 10 پلس جیسا ہی ہے یعنی فاسٹ چارجنگ، فاسٹ وائرلیس چارجنگ 2.0، وائرلیس پاور شیئر، واٹر اینڈ ڈسٹ ریزیزٹنس، ہیڈفون جیک وغیرہ۔
مگر اس فون میں بیک پر 4 جبکہ فرنٹ پر 2 کیمرے دیئے گئے ہیں یعنی مجموعی طور پر 6 کیمروں والا فون ہے۔
اس کے فرنٹ پر 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا اور ڈیپتھ سنسر کیمرا موجود ہے۔ اس کے بیک پر ایک 12 میگا پکسل وائیڈ اینگل اور دوسرا 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس ہے جبکہ تیسرا کیمرا سپر وائیڈ اینگل 16 میگا پکسل شوٹر ہے۔چوتھا کیمرا ٹائم آف فلائٹ تھری ڈی ڈیپتھ کیمرا ہے جو ڈیپتھ انفارمیشن اکھٹی کرنے کا کام کرے گا اور اس سے پورٹریٹ یا لائیو فوکس فوٹوز بہتر ہوں گی۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ فون رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here