موجودہ حکومت کی دوست پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری فروغ پا رہی ہے، افتخار علی ملک

725

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے سعودی عرب کے پاکستان کے لئے بروقت امدادی پیکج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے اور سعودی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔
انہوں نے یہ بات وفاقی دارالحکومت میں سعودی تاجروں کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بہت گنجائش ہے اور موجودہ حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری فروغ پا رہی ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری دونوں ممالک کے تاجروں کے لئے مواقع میں اضافہ اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دے گی۔
اس حقیقت کے باوجود کہ دونوں ملکوں کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدہ موجود ہے اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 سے بھی مطابقت رکھتا ہے، دو طرفہ تجارت کا مجموعی حجم صرف 2.5 بلین ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل اور لیبر کے اعتبار سے پاکستان بہت سستا ملک ہے اور اگر سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کرے تو وہ اس سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلہ کی اشد ضرورت ہے اور دونوں حکومتوں کو بزنس کمیونٹی کے لئے مفت کاروباری ویزہ کا اعلان کرنا چاہیے۔ افتخار علی ملک نے یہ بھی تجویز کیا کہ سعودی عرب میں سرمایہ کاری اور بزنس کرنے والے پاکستانیوں کے لئے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان بھی کرنا چاہیے، اس سے بہترین فوائد حاصل ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے اور پاکستانی حکومت اور کاروباری برادری اسے ہمیشہ سراہتی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب شروع سے انتہائی قریبی مذہبی اور دوستانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ افتخار علی ملک نے مزید کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب کے ولی عہد ہی نہیں بلکہ تمام مسلم ممالک کے تاج کا ہیرا ہیں۔
پاکستان کو جب بھی مدد کی ضرورت پیش آئی سعودی عرب نے دل کھول کر امداد فراہم کی ہے۔ 2005 کے تباہ کن زلزلہ کے موقع پر 10 ملین ڈالر، 2010 کے سیلاب کے دوران 170 ملین ڈالر اور 2014 کے اقتصادی بحران میں 1.5 بلین ڈالر کی گرانٹ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا پاکستان میں شفافیت کو یقینی بنانے اور برادر و دوست ملک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا عزم پاکستان میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری کا باعث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو اقتصادی طاقت بنانے کے لئے منصفانہ اور میرٹ کی بنیاد پر بہترین پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور واحد جوہری طاقت ہے۔ اگر پاکستان مضبوط ہو تو تمام مسلم ممالک کو اس کا فائدہ ہو گا اور سعودی عرب میں مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لئے پاکستان اپنے تمام فرائض اور ذمہ داریاں پوری کرے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here