بیجنگ: چین کی ریاستی کونسل نے رواں سال مزید ایک کروڑ افراد کو غربت سے آزاد کرنے کے ہدف کا تعین کر لیا.
چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر اعظم لی کی چیا نگ کی زیر صدارت ریاستی کونسل کے رسمی اجلاس میں 2018ء کے دو سالانہ اجلاسوں میں پیش کردہ تجاویز سے متعلق ورکنگ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا.
رپورٹ کے مطابق غربت کے خاتمے ،کینسر کے علاج پر توجہ دینے اور نایاب بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات پر عائد ٹیکسوں میں مراعات دیئے جانے کے علاوہ تجارتی بینکوں کے مختلف ذرائع سے سرمایہ میں اضافے کی حمایت کی جائے گی تاکہ مالیاتی شعبے میں خطرات کے انسداد کی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے۔
اجلاس میں نشاندہی کی گئی کہ گزشتہ سال 1 کروڑ 38 لاکھ 60 ہزار افراد نے غربت سے چھٹکارا حاصل کیا اور رواں سال مزید 1 کروڑ افراد کو غربت سے آزاد کرنے کے ہدف کا تعین کیا گیا ہے۔
اجلاس میں کینسر اور نایاب بیماریوں کے انسداد اور علاج و معالجہ کے حوالے سے کاموں پر زور دینے کے ساتھ ساتھ کینسر کے علاج کے لیے اندرونی و بیرونی ممالک کی ادویات کی رجسٹریشن کی استعداد کار کو تیز بنانے کا بھی کہا گیا۔