تھائی لینڈ کا پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کی خواہش کا اظہار

638

کراچی: تھائی لینڈ کے قونصل جنرل تھاتری چاؤواچتا نے کہاکہ دونوںممالک مابین تجارتی حجم بڑھانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر دانش خان، سینیئر نائب صدر فراز الرحمن، نائب صدر ماہین سلمان، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور کے سربراہ مسعود نقی اور چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیرچھایا ، سید جوہر قندھاری،احتشام الدین، سید فرخ مظہر اور دیگر نے تھائی قونصل جنرل کی سربراہی میں آنے والے وفد کا خیر مقدم کیا۔ صدر کاٹی دانش خان نے تھائی قونصل جنرل کو کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت اور پیداواری صلاحیت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی حالیہ ویزہ پالیسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاروں کو کاروباری مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ دونوںممالک کے مابین دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے اور تجارتی حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ دانش خان نے مزید کہا کہ لائیو اسٹاک اور ڈیری مصنوعات میں بھی باہمی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ مسعود نقی نے کہا کہ تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے ثقافتی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک، پھل اور سبزیوں کی درآمد کے لیے تھائی لینڈ پاکستان کی زرعی پیداوار سے بھرپور فائدہ حاصل کرسکتا ہے۔ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ اشیا کی فہرست کا تبادلہ کرے تو تجارتی حجم بڑھانے میںمدد ملے گی۔ بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تھائی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان سے بڑی مقدار میں سی فوڈ درآمد کررہے ہیں، تجارتی تعلقات کومزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ میں پاکستان کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، دونوں ممالک کے مابین دوستانہ اور اقتصادی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔ اس موقع پر باہمی تجارت میں اضافے کے لیے تجاویز کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here