لاہور: گندھارا نسان لمیٹڈ ( جی این ایل) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمپنی برائون فیلڈ پروجیکٹ کے تحت قائم کیے جانے والے آٹو موبائل پلانٹ کیلئے ضروری مشینری حاصل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے.
بدھ کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے جانے والے نوٹیفکیشن میں گندھارا نسان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متوقع سیلز کے حجم سے عہدہ برآ ہونے کیلئے پلانٹ کی صلاحیت میں اضافہ کرنے پر کام کر رہی ہے.
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جی این ایل کی مینوفیکچرنگ ٹیم نے انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ڈاٹسن گاڑیوں کی اسمبلنگ سے متعلق جاننے اور مینوفیکچرنگ کیلئے ضروری سامان اور سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے نسان موٹرز پلانٹ کا دورہ کیا.
مارکیٹنگ سے متعلق کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس نے حال ہی میں ایک آزاد ریسرچ ایجنسی کی مدد سے مارکیٹ میں تفصیلی سروے کیا تاکہ مارکیٹ کی صورتحال اور اس پر اثر اندا ہونے والے بیرونی عوامل کا جائزہ لیا جا سکے.
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کمپنی کی ڈیلر ڈویلپمنٹ ٹیم مخلتف شہروں میں اچھی جگہوں کی تلاش کررہی ہے جس کے بعد ڈاٹسن کیلئے ڈیلرز کا انتخاب کیا جائےگا.