لاہور: صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں پنجاب ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش اور موثر ترین مرکز ہے۔ سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہوں گی جن کا اعلان آئندہ ماہ صوبائی دارالحکومت میں ہونے والی بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں کیا جائے گا۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی ترغیبات اور پرکشش اقدامات کئے جائیں گے جن سے صوبے میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔صوبائی وزیر نے یہ بات گزشتہ روز اپنے آفس میں سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مختلف محکموں کی جانب سے فیکٹریوں کی بے جا انسپکشن کے خاتمے کے لئے انسپکٹر لیس رجیم متعارف کروایا جارہا ہے۔اس نظام کے نفاذ سے انسپکشن کے نام پر صنعت کاروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند ہو گا۔
یہ نظام تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے لایا جائے گا اور اس نئے نظام کے لئے ایوان ہائے صنعت وتجارت اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔اس نئے نظام کے لئے ضرورت پڑی تو قانون سازی بھی کی جائے گی۔ہمارے ہر اقدام اور فیصلے کے پیچھے واحد مقصد یہی ہے کہ ملکی صنعت کا پہیہ چلے اور لوگوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ بند صنعتوں کی بحالی کا پروگرام بھی بنا لیا ہے۔حکومت کے اس انقلابی اقدام سے صنعت کاروں اور تاجر برادری کو سہولتیں ملےں گی۔