لاہور: صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صوبے میں بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لئے ” نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم“ کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور اب تک تین شہروں رینالہ خورد، لودھراں اور چشتیاں میں گھروں کے حصول کے لئے 8 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کروائی جاچکی ہیں۔ محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ”نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم“ کے فارم بینک آف پنجاب کی مخصوص برانچز میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ ”نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم“ فلاحی ریاست کے قیام کی جانب اہم قدم ہے اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ اگلے مرحلے میں اس پروگرام کا دائرہ دیہی علاقوں تک بھی وسیع کیا جائے گا جس کے لئے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے۔