اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد سے برٹش ائیرویز کی ٹیم نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور برٹش ائیرویز کے درمیان معاہدوں کو حتمی شکل دینے سے متعلق امور پرگفتگو کی گئی۔ وزارت تجارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے کہاکہ برطانوی ائیرلائنز کی جانب سے پاکستان کیلئے پروازوں کی بحالی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اوریہ اس بات کی بھی تائید ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری اورتجارت کیلئے اوپن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے پائیدار اور مسلسل کئے جانیوالے اقدامات کے نتیجے میں عالمی برادری کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے اوراس کے نتیجے میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیاں فروغ پا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت برٹش ائیرویز کو مکمل معاونت فراہم کریں گی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے امن و امان کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور پرتگال نے اپنے شہریوں کیلئے پاکستان کے حوالہ سے منفی ایڈوائزری ختم کر دی ہے جبکہ فرانس کی حکومت بھی اسی طرح کا اقدام کررہی ہے۔ٹیم کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ پروازوں کے آغاز کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے جس تعاون اورحمایت کا مظاہرہ کیا جارہاہے وہ قابل تعریف ہے۔