وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل کے شعبہ کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی،روزگار کے مواقع پیدا کرنے کےلئے سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی سہولیات کے مطابق ہنر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکسٹائل سیکٹر سے متعلقہ ایشوز پر اجلاس ہوا جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داد ، سیکرٹری ٹیکسٹائل افتخار بابر و دیگر سینئر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹیکسٹائل ڈویژن کی جانب سے وزیر اعظم کو ٹیکسٹائل سیکٹر خصوصاً لاہور گارمنٹس سٹی، کراچی گارمنٹس سٹی، پاکستان ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ وغیرہ سے متعلقہ مختلف ایشوز پر بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی کے لیے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی، ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام کے لیے دولت کی پیداوار اور نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا نوجوانوں کو مقامی و بیرون ملک مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنر فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سیکرٹری ٹیکسٹائل کی جانب سے آئندہ پانچ سالوں میں ایک لاکھ بیس ہزار نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے مجوزہ پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی ۔