لاہور: حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر اب تک کامیابی سے جاری ای کریڈٹ اسکیم کے تحت فصل ربیع 2018-19 کیلئے 1 لاکھ کاشتکاروں کو بلا سود قرضہ فراہم کیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اس اسکیم کے تحت اس سے قبل فصل ربیع کیلئے کاشتکاروں کو25 ہزار روپے فی ایکڑ بلا سود زرعی قرضہ کی سہولت دستیاب تھی جسے کاشتکاروں کے مفاد میں حکومت پنجاب نے رقم کی حد بڑھا کر30 ہزار روپے فی ایکڑ کردی۔ای کریڈٹ اسکیم کے تحت اخوت، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام، ٹیلی نار بینک، نیشنل بینک آف پاکستان اور زرعی ترقیاتی بینک سے کاشتکاروں نے قرضہ وصول پایا اور مجموعی طور پر کاشتکاروں کوحکومت پنجاب نے بلاسود زرعی قرضہ کی مد میں5 ارب روپے کی خطیر رقم مہیا کی۔ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ای کریڈٹ سکیم کاشتکاروں کی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کررہا ہے اور کاشتکار اس سکیم کے ذریعے زرعی مداخل کی آسانی سے خرید کر پا رہے ہیں۔یہ قرضہ جات انتہائی شفاف انداز میں کاشتکاروں کو دیا جا رہا ہے۔کاشتکار اس اسکیم میں حصہ لینے کیلئے تحصیل اراضی ریکارڈ سینٹر میں اصل شناختی کارڈ، موبائل نمبر اور زمین کی تفصیل کے ہمراہ اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کروا سکتے ہیں۔