کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نجی شعبے کی دوسری شیڈولڈ فریٹ ٹرین کا افتتاح کردیا ہے۔ میرین گروپ کی دوسری فریٹ ٹرین 75 کنٹینرز پر مشتمل کارگو لیکر لاہور کیلئے روانہ ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ وہ یکم سے 28 فروری تک ٹرین میں رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 فروری سے ٹرین انجنوں کے ٹریکر فعال ہوجائیں گے اور مال بردارگاڑی کراچی سے لاہور کے لیے چلائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے میں اتنی صلاحیت ہے کہ میزائل بنا سکتا ہے جبکہ ڈرائی پورٹس کی صورتحال کوتبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ نئی کنٹینر فریٹ ٹرین کا آغاز نجی شعبہ اور پاکستان ریلوے کی مشترکہ شراکت داری سے کیا گیا ہے۔ گذشتہ چار ماہ میں چار نئی مال بردار گاڑیاں ریلوے فلیٹ میں شامل کی گئی ہیں جس کے بعد مال گاڑیوں کی تعداد 10 سے 14 ہو گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ میں ایک ماہ سے بیمارہوں، اس کے باوجود کراچی آیا ہوں۔ شیخ رشید احمد کراچی کے تین روزہ دورے کے دوران ریل فریٹ بڑھانے سے متعلق اجلاس کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری شعبے سے متعلق اہم افراد سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔