منی بجٹ آج آ رہا ہے، شہریوں کی موجیں ختم، موبائل فون سمیت متعدد اشیاء کیخلاف سخت فیصلوں کا امکان

674

کاروباری سرگرمیوں اور معاشی شرح نمو میں اضافہ کیلئے حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کا تیسرا بجٹ آج وزیر خزانہ اسد عمر قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔منی بجٹ کیلئے وزیر خزانہ کی تقریر کا متن تیار کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے منی بجٹ کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کیا ہے جس میں وزیر خزانہ اسد عمر رہنماؤں کو بریفنگ دیں گے. تحریک انصاف کے اراکین کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
منی بجٹ پر اپوزیشن نے بھی کمر کس لی اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی پوری تیاری کرلی ہے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور نوید قمر کی اپوزیشن لیڈر چیمبر میں شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں منی بجٹ اور فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر مشاورت ہوئی۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر متفقہ فیصلے پر اتفاق ہوا منی بجٹ میں بھی تمام امور پر مل کر چلیں گے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ذرائع ایف بی آر کے مطابق منی بجٹ میں نان فائلزر کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔جب کہ موبائل فون پر بھی 5 فیصد مزید ٹیکس بڑھایا جا سکتا ہے۔
منی بجٹ میں نان فائلرز چھوٹی گاڑیاں خرید سکیں گے، جبکہ امپورٹڈ بڑی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھایا جائے گا، ایف بی آر ذرائع کے مطابق منی بجٹ میں پرتعیش درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھائی جائے گی، امپورٹڈ ملبوسات، جوتے، جیکٹس، بریف کیس ، برینڈڈ باتھ روم فٹنگز، ٹائیلز، فانوس ،کھانے پینے کی اشیا، کھیلوں کا سامان، الیکٹرانکس اشیا مہنگی ہوں گی۔
منی بجٹ میں ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکس بڑھنے کا امکان ہے۔ پری کارڈ پر 100 پر 100کے بیلنس کی موجیں ختم ہوجائیں گی۔ پری پیڈ کارڈ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی جارہی ہے۔
غیرٹیکس دہندگان کو گاڑیاں خریدنے اور بینکوں سے رقم نکلوانے پردگنا ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ نیا کنٹینرٹیکس لگانے کا بھی امکان ہے۔غریب کی سواری موٹرسائیکل پر دو ہزار وہیکل ٹیکس اور پیٹرول پمپس پرلوکیشن ،سیفٹی ٹیکس لگانے کی تجویز ہے ۔ رجسٹرڈ پراپرٹی ڈیلرز پر پیمائش کے مطابق نیا ٹیکس لگایا جارہا ہے۔
منی بجٹ میں فیڈرل ایکسائز میں 50اقسام کی ڈبہ بند خوراک پر نیا ٹیکس لگایا جائےگا۔ کیبل کنکشن پرنیا ٹیکس جبکہ کمرشل میٹر لگانے پر نیا کنکشن چارج لگانے کی تجویز ہے۔
ہائی وے ٹول پلازہ فیس بھی بڑھائی جارہی ہے۔ چین، افغانستان، بھارت اور ایران سے آنے والی بسوں اورٹرکوں پر انٹری فیس لگائی جائے گی۔ منرل واٹر پر ایکس فیکٹری فی بوتل سپیشل ایکسائز ڈیوٹی بھی لگائی جارہی ہے۔

1 COMMENT

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here