اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاشرے کے نادار اورپسماندہ طبقات کو غربت کی دلدل سے نکالنے کی پالیسی سے ملکی معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں سے پیداہونے والی اقتصادی سرگرمیوں کے نتیجے میں لوگوں کا معیارزندگی بہترہوجائے گا۔ پلاننگ کمیشن کے حکام نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ غربت کے خاتمے کے پروگرام کے سلسلے میں پاکستان اورچین کے درمیان تعاون کی وسیع تر استعدادکارموجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اپنے شہریوں کوغربت کی دلدل سے نکالنے کیلئے چینی ماڈل کی پیروی کرے گا۔بنیادی ڈھانچے کی تعمیر غربت مٹاومہم میں اہم کرداراداکرسکتی ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں پرپیش رفت ہورہی ہے ۔ پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد ملک میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں دونوں ممالک مزید کام کرسکتے ہیں۔سی پیک کے تحت منصوبوں سے زیادہ سے زیاداستفادہ کرنے اورکم آمدنی والے افراد کو روزگار کی فراہمی کے مواقع پیداکرنا اہمیت کا حامل ہے۔