اسلام آباد: روس نے پاکستان میں مہمند ڈیم کی تعمیر اور دیگر پاور پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس پاکستان میں مہمند ڈیم سمیت واٹر اینڈ پاور سیکٹر کے دیگر توانائی کے پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہشمند ہے جس کے لیے روس کی جانب سے پاکستان کو دو بلین ڈالرز سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس مہمند ڈیم کی تعمیر میں سرمایہ کاری کے لیے ریاستی سطح پر پاکستان اور روس کے مابین معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ روس کی یہی کمپنی پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان میں بھی دریائے کابل پر ایک ڈیم تعمیر کر رہی ہے۔ اس کمپنی کا شمار روس کی بڑی پبلک انرجی فرمز میں ہوتا ہے جبکہ اس کمپنی کے روس میں ہی دیگر یورپی کمپنیوں کے ساتھ کئی جوائنٹ وینچرز بھی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ روسی کمپنی کے نمائندوں نے پاکستان میں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے حکام سے گذشتہ برس نومبر میں ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی۔ روسی کمپنی نے پاکستان میں مہمند ڈیم کی تعمیر میں بھی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ یہی نہیں بلکہ روسی کمپنی کے نمائندوں نے وزیر توانائی عمر ایوب سے بھی ملاقات کی تھی اور جامشورو پاور پلانٹ میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی تھی۔
روسی کمپنی کے نمائندگان نے وزیر برائے آبی وسائل سے بھی ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ممکن نہیں ہو سکی۔ اطلاعات کے مطابق روسی فرم کو تاحال پاکستانی حکام کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے بڑے پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت نہ ملنے پر روسی کمپنی نے پانچ چھوٹے ہائیڈروپاور پراجیکٹس شروع کرنےکی بھی پیشکش کی تھی۔
روسی کمپنی جن پاور پراجیکٹس میں 7,100 میگا واٹ بوجی، 2800 میگا واٹ یلبو، 52 میگا واٹ نوسیری ، 8 سو میگا واٹ مہمند ڈیم اور 2200 میگا واٹ تنگس پاور پراجیکٹس شامل ہیں۔ روسی کمپنی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ان پراجیکٹس میں تکنیکی مدد فراہم کرنے کو بھی تیار ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور روس نارتھ ساؤتھ میں ایل این جی پائپ لائن کی تعمیر میں بھی تعاون کر رہے ہیں اور اس ضمن میں دونوں ممالک کے مابین معاہدے پر دستخط بھی ہو چکے ہیں۔ مزید برآں دونوں ممالک کے مابین آف شور گیس پائپ لائن پراجیکٹ کے لیے ایک میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر بھی دستخط ہو چکے ہیں۔ اور اب روس نے پاکستان میں واٹر اینڈ پاور سیکٹر میں بھی سرمایہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔