لاہور: ایمریٹس ائیرلائنز پاکستان کیلئے پروازیں کم کرنے پر غور کر رہی ہے.
بظاہر پاکستان ایوی ایشن نے دبئی ائیرپورٹ پر جاری کام کو اس کی وجہ قرار دیا ہے تاہم حالیہ معاشی صورتحال، انسانی وسائل کی کمی اور بدلتے رجحانات کی وجہ سے ایمریٹس سمیت دیگر ائیرلائنز اپنے آپریشنل شیڈول پر نظر ثانی کر رہی ہیں.
ایمریٹس پاکستان کے شہروں لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور سیالکوٹ کیلئے بوئنگ 777 طیارے اڑا رہی ہے. اس کے علاوہ اس کی ذیلی کمپنی فلائی دبئی فیصل آباد، ملتان، کراچی، کوئٹہ اور سیالکوٹ کیلئے پروازیں چلاتی ہے.
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق رواں سال کے آخر تک ہو سکتا ہے ایمریٹس ائیر لائنز ملتان ، سیالکوٹ اور پشاور کیلئے پروازیں بند کردے جبکہ اس کی جگہ فلائی دبئی فیڈر ائیرلائن کے طور پر ایمریٹس کا لوڈ اٹھا لے.
ان اقدامات سے دبئی سے اسلام آباد کیلئے ہفتہ وار پروازیں 11 سے کم ہو کر 7، دبئی سے کراچی 35 سے کم ہو کر 23، دبئی سے لاہور 10 سے 9 جبکہ پشاور کیلئے پانچ سے کم ہو کر تین پروازیں ہفتہ وار رہ جائیں گی.
اس کے علاوہ ملتان اور سیالکوٹ کو پہلے پروازیں ختم کی جا چکی ہیں جبکہ فلائی دبئی آپریشن جاری رکھے گی.
ایمریٹس کے ان اقدامات کا اثر اس کے بین الاقوامی اپریشنز پر بھی پڑے گا کیونکہ لندن، مانچیسٹر، مدینہ. نیویارک کیلئے بھی براہ راست پروازوں میں کمی کی جائےگی.
صدر ایمیریٹس ٹم کلارک کے مطابق ان اقدامات سے 25 فیصد پروازوں میں کمی ہوگی اور 48 جہاز استعمال نہیں کیے جائیں گے.
اسکی وجہ سے جہاں ایمریٹس کو بین الاقوامی سطح پر اپنی اپریشنل ڈیمانڈز جا دوبارہ جائزہ لینے کا موقع ملے گا وہی پاکستانی ائیرلائنز کیلئے اس سے فائدہ اٹھانے کا ایک موقع ہو گا.