لاہور: سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاخیر کی ذمہ دارسابق حکومت ہے منصوبہ مکمل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے اس لئے حکام کو منصوبہ جلد مکمل کرنیکی ہدایت کر دی ہے ۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں شاہانہ فیصلوں نے عوام پر ظلم کیا اور اب موجودہ حکومت خالی خزانے کے ساتھ حالات کا سامنا کر رہی ہے ، تمام سٹیشنوں کی کمرشلائزیشن کی منظوری دے دی گئی ہے ، ٹرین سٹیشن مختلف نجی اداروں اور بینکوں سے منسلک ہوں گے ،اشتہاروں سے بھی پیسے حاصل کرینگے ،کوئی بھی ترقی پذیر ملک ایسے بھاری بھرکم منصوبے نہیں چلا سکتا جس کا انتہائی کم تعداد میں عوام کو فائدہ ہو کیونکہ اس ٹرین کے لئے 10ارب روپے ماہانہ اخراجات ہوں گے جبکہ پنجاب حکومت 120ارب روپے کے سالانہ بوجھ کی متحمل نہیں ہو سکتی ، اگر نواز لیگ ہوتی تو اورنج لائن ٹرین کا حشر بھی سستی روٹی جیسے منصوبوں کی طرح ہوتا.
ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مختلف کمپنیوں کے معاملات کی چھان بین کی ہے اور لاہور پارکنگ کمپنی سے لے کر کیٹل مارکیٹ کمپنی تک کے معاملات میں کہیں شفافیت نہیں ، زائد ملازمین،غیر مناسب منصوبہ بندی اور بھاری اخراجات کے باعث یہ کمپنیاں اپنے ہی بوجھ تلے دبی ہوئی ہیں جنہیں اسی طرح جاری رکھنا پنجاب کے عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی ۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کے تمام سٹیشنوں کی کمرشلائزیشن کی منظوری دے دی گئی ہے ، علیم خان
تاخیر کی ذمہ دار سابق حکومت، 10ارب ماہانہ درکار، عوام پر ظلم کیا گیا تمام سٹیشن کمرشلائز کریں گے ،کسی کمپنی میں شفافیت نہیں:سینئر وزیر پنجاب