اسلام آباد: ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس اپنے ملک جاچکے ہیں۔ ان کی روانگی کے بعد ان کے دورے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق یو ا ے ای کے ولی عہد نے 12 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق یو اے ای کے ولی عہد نے وزیر اعظم کے ساتھ دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی امور پر بات چیت بھی کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاک یو اے ای اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے یو اے ای کے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ادائیگیوں میں توازن کیلئے 3 ارب ڈالرز دینے پر شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ اداکیا۔ وزیر اعظم نے تیل، گیس اور تعمیرات کے شعبوں میں یو اے ای کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون پر اظہار اطمینان کیا اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔
یو اے ای کے ولی عہد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کو افغان مفاہمتی عمل پر کوششوں سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔