امارات نے پاکستان کومعاشی بحران سے نکلنے کیلئے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے، وزیر پٹرولیم

متحدہ عرب امارات پاکستان میں آئل ریفائنری لگائے گا،ولی عہد کے دورے کے دوران بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لئے بات چیت کوحتمی شکل دی گئی، فواد چوہدری

529

اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان نے کہا ہے کہ ابوظہبی کے ولی عہدکے دورے کے انتہائی مثبت نتائج برآمدہوں گے اور اماراتی قیادت نے پاکستان کو موجودہ معاشی دلدل سے نکلنے کیلئے اپنی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے.

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفود کی سطح پر مذاکرات میں فریقین نے پاکستان کوموخرادائیگی پرتیل کی سہولت کی فراہمی پرتبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کاسب سے بڑاتجارتی شراکت داراورسرمایہ کاری کا بڑاذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 16 لاکھ پاکستانی متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہیں اور ولی عہد نے امارات کی ترقی میں ان پاکستانیوں کی جانب سے حصہ ڈالنے کی تعریف کی ہے.

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ فریقین نے متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے امورپربھی تبادلہ خیال کیا اورولی عہدسے درخواست کی گئی کہ ان قیدیوں کے ساتھ نرمی کارویہ اختیارکیاجائے جو معمولی جرائم میں ملوث ہیں۔

اتوار کوصحافیوں سے گفتگو میں وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چودھری فوادچوہدری نے کہا کہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمدبن زیدالنیہان کے دورے سے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان پہلے سے موجودخوشگوار تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں تیل صاف کرنے کاایک کارخانہ لگائے گا اورولی عہدکے دورے کے دوران بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لئے بات چیت کوحتمی شکل دی گئی۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کوادائیگیوں کے توازن کے بحران پرقابوپانے میں مدد کے لئے تین ارب ڈالرکی امدادکااعلان کیاہے جبکہ تیل کی فراہمی کے لئے موخرادائیگیاں زیرغورآئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here