اسلام آباد: ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے کہا ہے کہ جرمنی میں منعقد ہونے والی دنیا کی بڑی ٹیکسٹائل مصنوعات کی عالمی تجارتی نمائش” ہیم ٹیکسٹائل“ میں 222پاکستانی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ جرمنی میں منعقد ہونے والی عالمی تجارتی نمائش کا آغاز (منگل 8جنوری) کو ہوگا جس میں یورپ سمیت دیگر ممالک کے درآمد کنندگان بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔اتھارٹی کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی نمائش میں شرکت کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے اور اتھارٹی نے پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات کی نمائش کیلئے پاکستانی پویلین قائم کیا ہے ۔عالمی تجارتی نمائش چار روز تک جاری رہنے کے بعد 11جنوری 2019ءکو اختتام پذیر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال نمائش میں 2908 برآمد کنندگان شرکت کر رہے ہیں جبکہ گذشتہ سال مختلف ممالک کے 2975 برآمد کنندگان نے شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارتی میلے میں شرکت سے قومی برآمدات اور بالخصوص ٹیکسٹائل کی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔