شمالی یورپی ملک ناروے میں گزشتہ برس فروخت کردہ نئی گاڑیوں میں سے قریب ایک تہائی الیکٹرک کاریں تھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات نارویجین روڈ فیڈریشن نے بتائی۔
اسکینڈے نیویا کے اس ملک کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے ہاں 2025ء تک روایتی معدنی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت مکمل طور پر بند کر دے گا۔ عالمی سطح پر یہ ایک نیا ریکارڈ ہے کہ کسی ملک میں کسی بھی سال کے دوران بیچی گئی نئی گاڑیوں میں سے اکتیس فیصد سے زائد ماحول دوست الیکٹرک کاریں تھیں۔ ناروے میں کسی بھی شہری کو کوئی نئی الیکٹرک کار خریدنے پر ٹیکس میں بہت زیادہ چھوٹ دی جاتی ہے۔