اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر مارکیٹنگ لائسنس کے اجراء کیلئے موجودہ معیار کو بدلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم ڈویژن نے شہری علاقوں میں پٹرولیم مصنوعات پر مارکیٹنگ لائسنس جاری کرنے کے موجودہ معیار کو نئے معیار سے بدلنے کیلئے تجویز دے دی ہے۔
نئے مجوزہ مارکیٹنگ پلان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ممکنہ کمپنی اوگرا کی جانب سے رائج اصولوں کے تحت دور دراز کے علاقوں تک کم از کم 10 فیصد پہنچانے کی ذمہ دار ہوگی۔
اسی طرح ترقیاتی کام جیسا کہ تنصیب، ذخیرہ کرنا، ڈپو بنانا صوبوں کے حساب سے ہوں گے۔
نئی کمپنی کو کم از کم 20 ہزار میٹرک ٹن ذخیرہ کرنے کیلئے گودام تعمیر کرنا ہوں گے جس میں پہلے سال کی اوسط فروخت کے حساب سے 20 دن کا ذخیرہ موجود ہو۔
اسی طرح تجویز کیا گیا ہے کہ جو کمپنی درآمدی ذرائع پر منحصر ہوگی وہ بندرگاہوں پر ذخیرہ اندوزی کی سہولیات کیلئے گودام بنائے گی۔