رواں مالی سال 2018-19ء کی پہلی ششماہی کے دوران سندھ ریونیو بورڈ کے ٹیکس محصولات میں 14.36 فیصد کا اضافہ

668

رواں مالی سال 2018-19ء کی پہلی ششماہی میں جولائی تا دسمبر کے دوران سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) کے ٹیکس محصولات میں 14.36 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ایس آر بی کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2018ء کے دوران صوبہ نے مختلف ٹیکسز کی مد میں 44.37 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کئے ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2017ء کے دوران محصولات کا حجم 38.8 ارب روپے رہا تھا۔
ایس آر بی کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران صوبہ سندھ کے ٹیکس محصولات میں 14 فیصد سے زائد یعنی 5.57 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2018ء کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 19.18 فیصد کے اضافہ سے محصولات کا حجم 8.471 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ دسمبر 2017ء کے دوران 7.1 ارب روپے کے ٹیکسز وصول کئے گئے تھے۔ ایس آر بی کے مطابق سندھ کے ٹیکس محصولات میں 80 فیصد حصہ بندرگاہوں وغیرہ سے آتا ہے جبکہ صوبائی حکومت 50 سے زائد مختلف خدمات پر بھی سیلز ٹیکس کی مد میں وصولیاں کر رہا ہے۔ صوبہ کے 80 فیصد وصول کئے گئے ٹیکسز میں بینکوں، انشورنس کے شعبہ، تعمیرات، شپنگ اور کسٹمز کی مد میں وصول کئے گئے ٹیکسز بھی شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here