وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بدھ کے روز ہونے والے کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو توانائی سیکٹر میں طلب اور رسد کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ موسم سرما کے لئے گیس مینجمنٹ پلان سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں توانائی کمیٹی نے فرنس آئل کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے تیل اور بجلی کی بروقت فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے سوئی ناردرن، سوئی سدرن اور پی ایس او کے بورڈز کی تشکیل نو کا حکم دے دیا ہے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر پٹرولیم، وزیر توانائی اور متعلقہ وفاقی سیکریٹری نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک میں توانائی کی طلب و رسد کی صورتحال، آر ایل این جی کی درآمد اور ملک میں ضرورت کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے اوگرا آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دی اور ایل این جی کی قیمت پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ کمیٹی نے توانائی بحران پر بنائی گئی فیکٹ فائینڈنگ رپورٹ مسترد کردی جبکہ وزیراعظم نے سیکریٹری پیٹرولیم کو 48 گھنٹوں میں سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے اور فرنس آئل امپورٹ کرنے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے.