کراچی: ایف پی سی سی آئی نے میڈ ان پاکستان مصنوعات کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کرلیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم موبائل ایپلی کیشن سے منسلک ہے جس کے ذریعے پاکستان کی اشیاء و خدمات تیار اور فراہم کرنے والی صنعتوں اور ایکسپورٹرز سے رابطہ کیا جاسکے گا۔ موبائل ایپلی کیشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا افتتاح میئر کراچی وسیم اختر نے کیا اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر مظہر علی ناصر ، سابق صدر زبیر طفیل، نائب صدر شبنم ظفر اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مظہر علی ناصر نے بتایا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ایف پی سی سی آئی کی 150 صنعتی انجمنوں سے رابطہ کیا جاسکے گا،ایسو سی ایشنز کے عہدیداران اس ایپلی کیشن میں اپنی انجمن کے ممبران اور دیگر کوائف اپڈیٹ کر سکتے ہیں، جس سے ملکی مصنوعات کو بین الاقوامی صارفین تک باآسانی پہنچایا جاسکتا ہے، مصنوعات کو سرچ کرکے ان کے تیار کنندگان اور ایکسپورٹرز سے رابطہ آسان ہوگا جبکہ امپورٹ ایکسپورٹ سے متعلق قوانین اور ایف بی آر کے ایس آر اوز اور ڈیوٹی و ٹیکسز کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔ اس پلیٹ فارم سے ایف پی سی سی آئی اور اس کی رکن انجمنوں کی یومیہ سرگرمیوں کے بارے میں بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ترویج کی جائیگی یہ پلیٹ فارم یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر سے منسلک ہوگا جس کے ذریعے ایف پی سی سی آئی کی یومیہ سرگرمیوں سے باخبر رہا جاسکے گا۔ یہ پلیٹ فارم حکومت، میڈیا اور انڈسٹری کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔ میئر کراچی نے ایپلی کیشن کا افتتاح کیا اور ایف پی سی سی آئی کو ڈیجیٹل میدان میں آگے بڑھنے پر مبارکباد پیش کی۔