دالوں کی درآمدات میں پانچ ماہ کے دوران 16فیصداضافہ، شماریات بیورو

718

ادارہ شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال2018-19ء کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران دالوں کی ملکی درآمدات میں 16فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر2018ء کے دوران دالوں کی درآمدات کا حجم 247.935 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر2017ء کے دوران دالوں کا درآمدی بل214.302 ملین ڈالر رہا تھا۔
اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران درآمدات میں16 فیصد یعنی33.633 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق بالحاظ وزن دالوں کی ملکی درآمدات میں جولائی تا نومبر2018ء کے دوران65فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران4 لاکھ5 ہزار660 میٹرک ٹن دالیں درآمد کی گئیں ہیں جبکہ جولائی تا نومبر2017 کے دوران2 لاکھ46 ہزار350 میٹرک ٹن دالیں درآمد کی گئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق نومبر2018ء کے دوران دالوں کی درآمدی مالیت میں9 فیصد کے اضافہ سے درآمدات کا حجم 45.691 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ نومبر2017ء کے دوران 41.941 ملین ڈالر کی دالیں درآمد کی گئی تھیں ۔ اس طرح نومبر2017ء کے مقابلہ میں نومبر2018ء کے دوران دالوں کی درآمدات میں9 فیصد یعنی3.75 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here