وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیارکی سربراہی میں پاکستانی وفد چین کے شہر بیجنگ پہنچ گیا

وفد جے سی سی اجلاس میں سماجی و معاشی ترقی، صنعتی تعاون، ٹرانسپورٹ، توانائی اور گوادر کے شعبہ میں جاری تعاون پر پیشرفت کا جائزہ لے گا

694

بیجنگ : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات مخدوم خسرو بختیارکی سربراہی میں پاکستانی وفد چین کے شہر بیجنگ پہنچ گیا۔ وفد میں چیرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ ہارون شریف، صوبائی قائدین اور مختلف وزارتوں کے اعلی حکام شریک ہیں۔ وفد 20 دسمبر کو جے سی سی اجلاس میں سماجی و معاشی ترقی، صنعتی تعاون، ٹرانسپورٹ، توانائی اور گوادر کے شعبہ میں جاری تعاون پر پیشرفت کا جائزہ لے گا۔
اسی سلسلہ میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے چین کے ایگزیم بینک کے سربراہ جانگ چینگ سونگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایگزیم بینک چائنہ اور پاکستان کا مستقبل میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ عشروں پر محیط پاک۔
چین تعلقات سی پیک کی صورت میں مزید توانا ہو رہے ہیں، پاکستان ایگزیم بینک کی پارٹنر شپ میں نئے منصوبے شروع کرنا چاہتا ہے، ایگزیم بینک کے تعاون سے ملتان سکھر، قراقرم ہائی وے اور سی پیک کے کئی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو پانے اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مینو فیکچرنگ سیکٹر کو فروغ دینے، بر آمدات کو بڑھانے، کاروبار کیلئے سازگار حالات بنانے و دیگر اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ترقیاتی بجٹ میں ایسے منصوبے شامل کئے جا رہے ہیں جو ان اصلاحات کے نفاذ میں معاون ہوں، سی پیک کے تحت 9 اقتصادی زونز کا قیام پاکستان کے تجارتی خسارے پر قابو پانے میں مددگار ہوں گے۔
مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بندرگاہوں، شاہراہوں اور ریل منصوبوں کو بیلٹ آپریٹ و ٹرانسفر ماڈل اختیار کرکے مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئل اینڈ گیس سیکٹر اور دیگر کئی شعبوں میں قابل عمل منصوبے شروع کرنے پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے، مستقبل میں معاشی فوائد اور پاکستان کی شرح نمو بڑھانے میں مددگار منصوبے شروع کئے جائیں گے، ان اقدامات سے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معیشت کو فروغ ملے گا۔
سربراہ ایگزیم بینک نے کہا کہ ایگزیم بینک کے تعاون سے سی پیک کے کئی منصوبے پاکستان میں جاری ہیں، سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان ایگزیم بینک کا سرفہرست پارٹنر بن چکا ہے، مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے جاری منصوبے پاکستان میں ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here