اسلام آباد: بیرونی شعبوں کی خراب حالت اور باہمی اتفاق نہ ہونے کے باعث عالمی بینک کی جانب سے موسمیاتی تغیرات اور قدرتی آفات سے متعلق مقاصد کیلئے 250 ملین ڈالر کے قرض کی فراہمی کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کی ماحولیاتی تغیرات اور قدرتی آفات اور ان سے بچاؤ کیلئے مالی دباؤ کو کم کرنے کیلئے عالمی بینک کی جانب سے یہ قرض دیا جانا تھا۔
حکام کے مطابق اس منسوخی کی بڑی وجہ ورلڈ بینک کی ٹیم کے دورہ پاکستان کا ملتوی ہونا ہے۔
واشنگٹن کی جانب سے نومبر کے تیسرے ہفتے میں ایک وفد کا دورہ پاکستان متوقع تھا لیکن پاکستان اور آئی ایم ایف کی بات چیت ناکام ہونے کی وجہ سے یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔
عالمی بینک کی ترجمان کے مطابق مشن منسوخ کرنے کے فیصلے میں آئی ایم ایف مذاکرات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا.
انہوں نے کہا کہ اندرونی وجوہات کی وجہ سے دورہ منسوخ کیا گیا ہے.
وزارت خزانہ ملک میں توازن ادائیگی کیلئے ایسے قرضے لینے کا خواہشمند ہے جن کا اجراء فوری ہوسکے۔