کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی مندی کا رجحان رہا اور کراچی اسٹاک ایکسچیج (کے ایس ای) 100 انڈیکس میں مزید 888 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔
اسٹاک مارکیٹ کا آغاز 39607 پوائنٹس کے ساتھ ہوا تاہم دن کے وسط تک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 888 پوائنٹس کی کمی کیساتھ انڈیکس 38719 پوائنٹس تک گر گیا.
گزشتہ روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1300 پوائنٹس کی کمی ہوئی تاہم دن کے اختتام تک اس میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی تھی، لیکن دن کا اختتام 40 ہزار پوائنٹس کی کمی پر ہی ہوا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس 17 اگست سے 22 نومبر تک کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 1573 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہےجو تقریباً 3.8 فیصد تھی۔
ادھر پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بھی اونچی اڑان جاری ہے جس میں آج ٹریڈنگ کے دوران تقریباً 80 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 138.3 جبکہ اوپن مارکیٹ میں 138.8 روپے میں فروخت ہوتا رہا.