لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کی رجسٹریشن کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نیا ضابطہ کار جاری کردیاہے جس کے مطابق 31 دسمبر 2018ء تک پاکستان میں غیر قانونی طور پر درآمد کردہ موبائل فونز ٹیکس ادائیگی کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ رجسٹرڈ ہوجائیں گے۔
نئے ضابطہ کار میں صارفین کو یہ واضح کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر کے بعد کسی غیرقانونی موبائل فون کی رجسٹریشن نہیں ہوگی اور ایسے تمام فون ضبط کرکے پی ٹی اے کے ڈیوائس آئڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (ڈی آر آئی بی ایس) کے ذریعے مستقل طور پر بلاک کردیے جائیں گے۔
مجوزہ طریقہ کار کے مطابق غیررجسٹرڈ موبائل فون کا مالک رضا کارانہ طور پر قریبی کسٹمز کلیکٹریٹ سے رابطہ کرکے فون کی آئی ایم ای آئی تفصیلات کی نقل کے ساتھ ایک بیان حلفی جمع کرائے گاجس کے تحت کسٹمز افسر تفصیلات کی تصدیق اور بیان حلفی کی توثیق کرتے ہوئے ڈیوائس کو ضبط کر لے گا۔
اس کے بعد وہ فرد سرٹیفکیشن آف کمپلائنس (سی او سی) جاری کرنے کے لیے پی ٹی اے میں توثیق شدہ بیان حلفی کو ایک درخواست کے ساتھ جمع کرائے گا، بعد ازاں سی او سی حاصل کرنے کے بعد درخواست گزار کسٹمز انتظامیہ سے موبائل کے حصول کے لیے رابطہ کرے گا۔اس عمل کے بعد اس ڈیوائس پر کسٹمز ڈیوٹی کا تعین کیا جائے گا، جس کی رقم نیشنل بینک آف پاکستان میں جمع ہوگی اور اس فرد کو موبائل فون واپس کردیا جائے گا۔
لیکن یہاں یہ بات واضح رہے کہ سی او سی کے جاری نہ ہونے کی صورت میں وہ موبائل فون ضبط کرلیا جائے گا۔
ایف بی آر کی جانب سے ذاتی استعمال یا تحفے کے لیے پوسٹل سروس یا کوریئر کے ذریعے درآمد کیے گئے غیر رجسٹرڈ موبائل فونزکے لیے بھی نیا طریقہ کار وضع کردیا گیا ہے۔ایسے موبائل فونز کو کسٹمز انتظامیہ روک لے گی اور درخواست گزار کو ایک مہر لگا کر بیان حلفی جاری کرے گی جس کے ساتھ ہی درخواست گزار پی ٹی اے پورٹل کے ذریعے دستاویزات جمع کراکے سی او سی کی سرٹیفکیشن کے لیے اپلائی کرے گا۔
اس کے بعد پی ٹی اے روکے گئے موبائل ڈیوائسز کی واپسی کے لیے درخواست گزار کی ایس او پی کے مطابق آن لائن سی او سی جاری کرے گا، جس کی نقل کسٹم انتظامیہ کو دی جائے گی۔پی ٹی اے کی جانب سے سی او سی کے جاری کرنے کے بعد درخواست گزار کسمٹز کو قابل وصول ٹیکسز جمع کرائے گا، جس کے بعد روکی گئی ڈیوائسز صارف کو واپس کردی جائے گی۔
علاوہ ازیں بین الاقوامی مسافروں کی موبائل ڈیوائسز کو ریگولرائز کرنے کے لیے تمام ائیرپورٹس پر کسٹمز کاؤنٹرز قائم کردیے گئے ہیں، جہاں بیان حلفی فارم کے ذریعے انہیں ریگولرائز کردیا جائے گا۔