پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی کیلئے 13.2 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور

101
Pakistan Mortgage Refinance Company Ltd.

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان مارٹگیج ری فنانس کمپنی لمیٹڈ (پی ایم آر سی ایل) کیلئے 13.2 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی جس کا مقصد کیپٹل ڈیبٹ مارکیٹ سے کم شرح سود پر فنڈز اکٹھا کرکے پرائمری مارٹگیج قرض دہندگان کو درمیانی اور طویل المدتی فنڈز فراہم کرنا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں پاکستان مارٹگیج ری فنانس کمپنی کیلئے منظور کی گئی گرانٹ 5 کروڑ ڈالر کے برابر ہے جو عالمی بینک سے ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی کریڈٹ لائن کی پہلی قسط کے طور پر حاصل کی جائے گی۔

پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی کو بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن (آئی ایف سی) اور عالمی بینک کے تعاون سے حکومت، تجارتی بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آیئز) کے مشترکہ اقدام کے طور پر قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد پرائمری مارٹگیج قرض دہندگان کو کیپیٹل ڈیبٹ مارکیٹ سے کم ترین شرح پر قرضے جاری کرنا ہے۔ حکومت کے پاس پی ایم آر سی کے 28.86 فیصد شیئرز ہیں، جبکہ باقی 71.14 فیصد شیئر ہولڈنگ بینکنگ سیکٹر کے سرمایہ کاروں کے پاس ہے جن میں آئی ایف سی، یونائٹڈ بینک، حبیب بینک، نیشنل بینک، عسکری بینک، بینک الفلاح، الائیڈ بینک، بینک الحبیب لمیٹڈ، ایچ بی ایف سی ایل اور سُمٹ بینک شامل ہیں۔ سٹیٹ بینک نے پی ایم آر سی کو 12 جون 2018 سے کام شرو ع کرنے کیلئے اجازت نامہ دیا تھا۔

ورلڈ بینک نے 2018 کے دوران حکومت کو 14 کروڑ امریکی ڈالر کی کریڈٹ لائن فراہم کی تھی تاکہ اسے 3 فیصد کی رعایتی شرح پر پی ایم آر سی کو منتقل کیا جا سکے جبکہ 10 مارچ 2022 کو ہاؤسنگ فنانس پروجیکٹ کے لیے 8.5 کروڑ ڈالر کی اضافی کریڈٹ لائن کی منظوری دی۔ یہ رقم قرض کے طور پر صرف حکومت کی ملکیت کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ فنڈ کو دی جائے گی اور پی ایم آر سی ایک ٹرسٹی کے طور پر کام کرے گی۔

اس سلسلے میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 29 نومبر 2022 کو کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ سکیم برائے کم آمدنی والے مکانات یعنی ’’میرا پاکستان میرا گھر‘‘ کے عنوان سے ایک نئی سکیم کی تشکیل کے حوالے سے سمری کی منظوری دی۔ ورلڈ بینک سے حاصل کی جانے والی ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی رقم کے ساتھ دوسرے ضمنی ٹرسٹ ڈیڈ کی کابینہ نے 8 دسمبر 2022 کو توثیق کی۔

حکومت اور پی ایم آر سی کے درمیان دوسرے ضمنی ٹرسٹ ڈیڈ پر 15 دسمبر 2022 کو دستخط کیے گئے جسے ڈائریکٹوریٹ آف لیبر اینڈ انڈسٹریز اسلام آباد نے 20 دسمبر 2022 کو رجسٹر کیا۔

پانچ کروڑ ڈالر کی پہلی قسط کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پی ایم آر سی کو مذکورہ فنڈز جاری کرنے کے لیے روپے کے مساوی کور کی ضرورت ہو گی اور فنانس ڈویژن نے رواں مالی سال کے لیے ایک ارب روپے کی سرمایہ کاری اور دیگر قرضے اور پیشگی رقم مختص کی ہے۔

اسی مناسبت سے ٹرسٹ فنڈ کو چلانے کے لیے نیشنل بینک میں ایک اسائنمنٹ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے ایک خط جاری کیا گیا ہے۔ ورلڈ بینک سے ملنے والے 5 کروڑ ڈالر جاری کرنے کیلئے موجودہ شرح مبادلہ کے مطابق 284 روپے فی ڈالر کی شرح سے 1.44 ارب روپے کے برابر رقم درکار ہے۔

فنانس ڈویژن نے وفاقی متفرق سرمایہ کاری اور دیگر قرضوں اور ایڈوانسز کے تحت رواں مالی سال کیلئے مذکورہ فنڈز کے مساوی ایک ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔ 13 ارب 20 کروڑ روپے کے فنڈز کا انتظام تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here