قیمتیں بڑھنے کے باوجود اگست میں سیمنٹ کی فروخت میں 22 فیصد اضافہ ریکارڈ

612

اسلام آباد: قیمتیں بڑھنے کے باوجود رواں مالی سال 2021-22ء کے دوسرے ماہ اگست میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 22.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق سیمنٹ کی مجموعی فروخت اگست 2021 کے دوران 22.77 فیصد اضافہ سے 4.336 ملین ٹن رہی جبکہ اگست 2020 میں سیمنٹ کی فروخت 3.531 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسی طرح اگست 2021ء میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 36 فیصد اضافہ سے 3.814 ملین ٹن رہی جبکہ اگست 2020ء میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 2.805 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: جولائی کے دوران پاکستان سے سیمنٹ کی برآمدات میں 47.80 فیصد کمی

سیمنٹ کی طلب میں اضافہ کا رجحان پورے ملک میں دیکھا گیا، شمالی ریجن میں سیمنٹ کی فروخت 124 فیصد اضافہ سے 6 لاکھ 73 ہزار 572 ٹن رہی جبکہ اگست 2020ء میں شمالی ریجن میں سیمنٹ کی فروخت 3 لاکھ 750 ٹن رہی تھی۔

جنوبی ریجن میں سیمنٹ کی فروخت 25.42 فیصد اضافہ سے 3.141 ملین ٹن رہی جبکہ اگست 2020ء میں جنوبی ریجن میں سیمنٹ کی فروخت 4 2.50 ملین ٹن رہی تھی۔

جولائی تا اگست 2021ء میں نارتھ زون میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 6.033 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں ہونے والی 5.939 ملین ٹن کی فروخت سے 1.57 فیصد زائد رہی۔

سدرن ریجن میں جولائی تا اگست 2021ء سیمنٹ کی مقامی فروخت 50 فیصد اضافہ سے 1.228 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 8 لاکھ 18 ہزار  600 ٹن رہی تھی۔

دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی قیمتوں کو پَر لگ گئے ہیں اور فی تھیلا (50 کلوگرام) قیمت 650 روپے سے زائد ہو چکی ہے جس کی وجہ سے گھروں کی تعمیراتی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here