صارفین کیلئے ٹکٹوں پر خصوصی رعایت، پی آئی اے اور حبیب بینک میں معاہدہ طے پا گیا

707

اسلام آباد: حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے اندرون و بیرون ملک سفر کیلئے ٹکٹوں پر 20 فیصد تک خصوصی رعایت ملے گی۔

اس حوالے سے پی آئی اے اور حبیب بینک کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک اور سی ای او حبیب بینک محمد اورنگزیب نے دستخط کئے، اس موقع پر معروف بینکار اور چئیرمین حبیب بینک سلطان علی الانا اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے-

قومی ائیرلائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے اور حبیب بینک کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، حالیہ شراکت داری میں کئی طرح کی بینکنگ پراڈکٹس مثلا ملک بھر میں رقوم کی کولیکشن، ادائیگیاں، پے رول مینجمنٹ، پوائنٹ آف سیل، اور تجارتی قرضہ جات شامل ہیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ادارے مختلف آفشور اور فنانسنگ سلیوشنز میں ایک دوسرے کی معاونت کر رہے ہیں، جیسا کہ ایچ بی ایل کی کثیر المیعادی فنانسنگ فسیلیٹی اور پی آئی اے کے جاری کردہ سکوک بانڈز میں تعاون بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان میں صارفین کے سب سے بڑے بینکنگ نیٹ ورک کی پی آئی اے کے ساتھ شراکت داری سے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے میں بھی بہت مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے وژن سے مطابقت رکھتے ہوئے پی ائی اے بھی ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایک بڑا نیٹ ورک ترتیب دے رہا ہے اور اس سہولت سے ایک بہت بڑا طبقہ سیاحت کی طرف راغب ہو سکے گا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی آئی اے کے سربراہ ارشد ملک نے کہا کہ ہم کورونا کے باعث درپیش مسائل کے باوجود آگے بڑھ رہے ہیں اور یہ صرف حبیب بینک جیسے قومی نوعیت کے اداروں کے ساتھ تعاون اور اتحاد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اور حبیب بینک فطری طور پر اتحادی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ملک بھر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سا تھ کام کریں۔

صدر اور سی ای او حبیب بینک محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ ’ہم پی آئی اے کے ساتھ اس سٹریٹجک شراکت داری میں شامل ہونے پر بہت مسرور ہیں۔ یہ شراکت داری ہمارے صارفین کے لئے سفری سہولیات کو مزید بہتر بنائے گی اور پاکستان بھر میں سفر اور سیاحت کو فروغ دینے کے قومی ایجنڈے میں حبیب بینک کی طرف سے اہم ترین کاوش تصور ہو گی۔‘

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here