اسلام آباد ائیرپورٹ پر چینی شہریوں کے لیے خصوصی امیگریشن کائونٹر کا افتتاح

582

اسلام آباد: اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر چین کے شہریوں کے لئے خصوصی امیگریشن کائونٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔

وزارت داخلہ کی طرف جاری بیان کے مطابق جمعہ کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر چینی شہریوں کے لئے خصوصی امیگریشن کائونٹر کا افتتاح کیا۔

خصوصی کائونٹر کے ذریعے چینی مسافروں کی تیز ترین امیگریشن ہو سکے گی۔ کائونٹر کے ذریعے سی پیک ویزا ہولڈرز بھی استفادہ کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: سی پیک: چینی سرمایہ کاروں کیلئے ویزہ کے خصوصی طریقہ کار کی منظوری

خصوصی کائونٹر کا قیام وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے، وزارت داخلہ کی طرف سے سی پیک کی علیحدہ کیٹیگری کا ویزا بھی جاری کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل 25 مئی 2021ء کو وفاقی کابینہ نے سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے چینی سرمایہ کاروں کو 48 گھنٹوں میں ویزہ جاری کرنے کے خصوصی طریقہ کار اور سی پیک بزنس ویزا ہولڈرز کیلئے گرین چینل کی طرز پر علیحدہ امیگریشن کاﺅنٹرز قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔

خصوصی طریقہ کار کے تحت چینی شہریوں کو دو سالہ مدت کیلئے ورک انٹری ویزا چین میں پاکستانی مشن کی جانب سے 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا اور سیکورٹی کلیئرنس لازماً 30 دنوں میں کر دی جائے گی۔

اسی طرح چین میں پاکستانی مشن اور وزارت داخلہ میں سی پیک کی درخواستوں پر غور کیلئے علیحدہ ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ اس اقدام سے چینی شہریوں اور سی پیک سے متعلقہ افراد اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آمدورفت کی سہولت مل سکے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here