این ٹی ڈی سی کا تین بینکوں کیساتھ 6.4 ارب روپے مالی سہولت کا معاہدہ

حبیب بنک لمیٹڈ، نیشنل بنک آف پاکستان اور بنک اسلامی پاکستان پر مشتمل کنسورشیم وِنڈ پاور پراجیکٹس سے 1224 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کیلئے 6.4 ارب روپے کی فنانسنگ فیسیلٹی مہیا کرے گا

690

لاہور: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کا وِنڈ پاور پراجیکٹس سے 1224 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کیلئے 6.4 ارب روپے فنانسنگ فیسیلٹی کیلئے حبیب بنک لمیٹڈ، نیشنل بنک آف پاکستان اور بنک اسلامی پاکستان پر مشتمل کنسورشیم کے ساتھ حتمی معاہدہ طے پا گیا۔

یہ فنانس 220/132 کے وی سب سٹیشن جھمپیر II اور 35 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا جس سے جھمپیر وِنڈ کوریڈور میں وِنڈ پاور پلانٹس سے قابل تجدید توانائی کی ترسیل کی جائے گی۔

منگل کو اِس سلسلے میں واپڈا ہائوس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر محمد ایوب اور جنرل منیجر کارپوریٹ بینکنگ حبیب بنک آصف الطاف، ضیاالدین یونٹ ہیڈ نیشنل بنک (سنٹرل) اور عامر اشرف ہیڈ کارپوریٹ سنٹرل بینک اسلامی نے سنڈیکیٹ فیسلٹی کے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر این ٹی ڈی سی کے سربراہ انجینئر محمد ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں مقامی مارکیٹ سے مالیاتی وسائل کے حصول کیلئے حکومت کی گارنٹی پر انحصار کرنا پڑتا تھا، لیکن پہلی بار حکومتی گارنٹی کے بغیر ذاتی بیلنس شیٹ کی بنیاد پر مالیاتی سہولت حاصل کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ این ٹی ڈی سی کے آئندہ پراجیکٹس میں فنڈنگ کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جھمپیر II منصوبے کا پی سی ون تیار ہو چکا ہے جس کی لاگت 10.753 ارب روپے ہے جس میں سے 6.40 ارب روپے کی فنڈنگ مطلوب تھی جو آج طے پا گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گھارو-جھمپیر کوریڈور میں مستقبل میں وِنڈ پاور کے فروغ کے پیش نظر 220 کے وی گرڈ سٹیشن کی استعداد کو 500 کے وی تک بڑھایا جائے گا۔

تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی صفدر علی، چیف فنانشل آفیسر این ٹی ڈی سی وسیم سعادت اور این ٹی ڈی سی اور بینکوں کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here