سندھ: براڈ بینڈ سروس، آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلئے 8.48 ارب مالیت کے 9 منصوبے شروع

مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے 26 اضلاع کے 3 ہزار 227 دیہات اور 230 یونین کونسلوں میں تقریباََ 19 سو کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کے ذریعے ایک کروڑ 75 لاکھ آبادی کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کیا جائے گا

1008

کراچی: وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے سندھ کے مختلف اضلاع میں موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلئے 8 ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 منصوبے شروع کئے ہیں۔

آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کی دستخطی تقریب سوموار کو کراچی میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق، سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے، یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث محمود چوہدری اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ندیم خان نے معاہدے پر دستخط کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جدید دنیا سے خود کو ہم آہنگ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ وقت کے تقاضوں کو پورا کیا جائے، اس کی ضروریات اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اِس میں کوئی شک نہیں کہ آئی ٹی وہ شعبہ ہے جو ملک میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرنے کے ساتھ معیشت کو استحکام دینے میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے اور وزارت آئی ٹی کی اب تک کی کارکردگی اطمیان بخش ہے لیکن ہمیں بہت آگے تک جانا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع کیلئے ہماری وزارت نے تین سال کے دوران موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلئے 8 ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 منصوبے شروع کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے 26 اضلاع کے تین ہزار 227 پسماندہ دیہات اور 230 یونین کونسلوں میں تقریباََ 19 سو کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 75 لاکھ کی دیہی آبادی کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

سید امین الحق نے کہا کہ وزیراعلیٰ  سندھ کو صوبے کے ہر منصوبے میں شرکت کی دعوت دی لیکن وہ کبھی نہیں آئے، اس کی وجہ یہی ہے کہ وزیراعلیٰ کو صوبے اور اس کے عوام کی ترقی سے کوئی غرض نہیں۔

قبل ازیں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹو حارث محمود چوہدری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے علاوہ وفاقی وزیر آئی ٹی کی ہدایت پر فائبر آپٹیکل کیبل کو یونین کونسلوں کی سطح تک وسیع کر دیا ہے، آج کا یہ منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو ارب 10 کروڑ مالیت کا یہ منصوبہ پی ٹی سی ایل کو سونپا گیا ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد، خیرپور کے کے تقریباََ 2 لاکھ 80 ہزار رہائشیوں کو فائدہ ہو گا، اس پراجیکٹ کے تحت 90 قصبات اور یونین کونسلوں کو 709.5 کلومیٹر طویل آپٹک فائبر کیبل سے منسلک کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here