11 ماہ میں بیلجیم میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں 246 فیصد کا نمایاں اضافہ

جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک بیلجیم میں مقیم پاکستانی ورکرز نے 22 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا، سٹیٹ بینک

261

اسلام آباد: بیلجیم میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے 11 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 246.2 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک بیلجیم میں مقیم پاکستانی ورکرز نے 22 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا۔

بیلجیم سے موصول ہونے والی ترسیلات زر کی یہ شرح  گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے مقابلہ میں 246.2 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال جولائی 2019ء سے مئی 2020ء تک کی اسی مدت میں بیلجئیم میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم چھ کروڑ 53 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مئی 2021ء میں بیلجئیم میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم دو کروڑ 35 لاکھ ڈالررہا جبکہ گزشتہ سال مئی میں بیلجئیم میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے ایک کروڑ 5 لاکھ ڈالر کا زر مبادلہ ارسال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

ترسیلات زر میں 29 فیصد اضافہ، 11 ماہ میں 26.736 ارب ڈالر موصول

یورپی یونین سے ترسیلات زر میں 55.4 فیصد اضافہ، 2 ارب 43 کروڑ ڈالر موصول

یورپی یونین سے ترسیلات زر میں 55.4 فیصد اضافہ، 2 ارب 43 کروڑ ڈالر موصول

حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات اور سہولیات کی وجہ سے سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

رواں مالی سال کے 11 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طور پر 29.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور توقع ہے کہ جاری مالی سال کے اختتام پر ترسیلات زر کا حجم 29 ارب ڈالرسے تجاوز کر جائے گا جو ایک نیا ریکارڈ ہو گا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کے دوران سمندر پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 26 ارب 73 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ 20 ارب 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔

ترسیلات زر کے حوالے سے سعودی عرب سب سے بڑے ملک کے طور پر سامنے آیا جہاں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مالی سال کے 11 ماہ سات ارب ایک کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ پاکستان ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19.5 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے دوران سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مجموعی طور پر پانچ ارب 86 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) دوسرا ملک رہا جہاں مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال  کے 11 ماہ میں پانچ ارب 88 کروڑ 80 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے پانچ ارب 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے 97 لاکھ ڈالر زیادہ ہیں۔

اسی طرح برطانیہ سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 66.6 فیص اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے 11 ماہ میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے تین ارب 69 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دو ارب 21 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بھیجے تھے۔

امریکا ترسیلات زر کے حوالہ سے چوتھا بڑا ملک رہا جہاں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں دو ارب 47 کروڑ 70 لاکھ ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 58.1 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے 11 میں امریکا سے ترسیلات زر کا حجم ایک ارب 56 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here