اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بلوچستان کے تین اضلاع میں مشترکہ بارڈر مارکیٹس کے قیام کے لئے 30 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کیچ کے علاقے منڈ، ضلع گوادر کے علاقے گبد اور ضلع پنجگور کے علاقہ چیدگی میں مشترکہ بارڈر مارکیٹس کے قیام کے لئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے 30 کروڑ روپے مختص کرنے کے ضمن میں تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ تینوں اضلاع کے لئے 10 کروڑ روپے الگ سے فراہم کئے جائیں گے۔
ای سی سی نے سندھ کے لئے کوویڈ 19 اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کے پروگرام کے لئے 9.393 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں وزارت داخلہ کی درخواست پر فرنٹیئر کور ڈی آئی خان کی ضروریات کے لئے 9 کروڑ 87 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ وزیر داخلہ کی ہی درخواست پر پاکستان رینجرز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کے لئے اڑھائی کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے تین کروڑ 90 لاکھ 58 ہزار روپے کی تکینکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔