اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دس ماہ کے دوران برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ایک ٹویٹ میں مشیر تجارت نے کہا کہ جولائی 2020ء سے اپریل 2021ء کے دوران سرجیکل آلات کی برآمدات 14 فیصد اضافہ کے ساتھ 36 کروڑ ڈالر ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھیں۔
اسی طرح مچھلی اور اس سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات دو فیصد اضافہ کے ساتھ 35 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 34 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھیں۔
MoC is glad to share that during the period Jul-Apr 2020-21, Pakistan’s exports of Surgical Instruments, Fish, Meat, Leather garments, Pharmaceuticals, Cement, Cutlery, Spices and Electric Fans showed good growth as compared to the corresponding period last year. pic.twitter.com/7XZUNpF7zH
— Abdul Razak Dawood (@razak_dawood) May 26, 2021
اعدادوشمار کے مطابق گوشت کی برآمدات 9 فیصد اضافہ کے ساتھ 28 کروڑ ڈالر ہو گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مال سال کے دس ماہ میں چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات سات فیصد اضافہ کے ساتھ 23 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات 28 فیصد اضافہ کے ساتھ 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہیں۔
اسی طرح سیمنٹ کی برآمدات دس ماہ میں ایک فیصد اضافہ کے ساتھ 22 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 22 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھیں۔
مشیر تجارت کے مطابق کٹلری کی برآمدات 39 فیصد اضافہ کے ساتھ 10 کروڑ ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں۔
دس ماہ کے دوران مصالحہ جات اور پاکستان کے بنے ہوئے برقی پنکھوں کی برآمدات میں بالترتیب چار فیصد اور 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، انہوں نے برآمدات میں اضافہ پر برآمدکنندگان کو مبارکباد پیش کی۔