دس ماہ میں گردشی قرض میں 189 ارب روپے کمی

جولائی تا اپریل 2021ء گردشی خسارہ گزشتہ مالی سال کی اس مدت کے 449 ارب روپے سے کم ہو کر 260 ارب رہ گیا، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر

454

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ گردشی قرضے میں رواں مالی سال کے دس ماہ (جولائی تا اپریل)  کے دوران 189 ارب روپے کمی واقع ہوئی ہے۔

ایک ٹویٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ رواں برس پورے سال کا گردشی خسارہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے آخری سال کے گردشی خسارے کی نسبت 100 ارب سے زائد کم رہنے کی توقع ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا اپریل گردشی خسارہ 449 ارب روپے تھا جو رواں برس اسی عرصے کے دوران کم ہو کر 260 ارب رہ گیا ہے، یوں گردشی خسارے میں 189 ارب کی کمی واقع ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے کی کارکردگی میں یہ بہتری اور گردشی قرضوں میں اضافے میں سست روی، مستقل سخت محنت، تجزیاتی اعدادوشمار پر مبنی فیصلہ سازی اور پالیسی سازوں اور طاقتور اشرافیہ کے مابین گٹھ جوڑ توڑنے کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے غلط فیصلوں کے باعث کپیسٹی پیمنٹس میں بڑے پیمانے پر اضافہ کے باوجود گردشی قرضے میں مسلم لیگ ن کے آخری سال کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتری ایک بڑی کامیابی ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی کارکردگی میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور مسلم لیگ ن سے وراثت میں ملی گندگی کو ہر شعبے سے صاف کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here