اسلام آباد: آئندہ چند سال کے دوران سیمنٹ تیار کرنے والی قومی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں 40 فیصد اضافہ کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے حکام نے کہا ہے کہ سیمنٹ کی مقامی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں 40 فیصد اضافہ سے پیداوار میں 69 ملین ٹن سالانہ اضافہ سے اس کا حجم 99 ملین ٹن سے تجاوز کر جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کی مجموعی فروخت (مقامی و برآمدات) میں گزشتہ چند سال کے دوران 15 فیصد سالانہ کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے اور تعمیراتی شعبے کیلئے حکومتی مراعات کے نتیجہ میں آئندہ سالوں کے دوران سیمنٹ کی طلب میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق مندرجہ بالا عوامل کے تناظر میں سیمنٹ کی صنعت کی پیداوار میں اضافہ کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس سے نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ اپریل 2021ء کے دوران سیمنٹ کی قومی برآمدات میں اپریل 2020ء کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2021ء میں سیمنٹ کی برآمدات گزشتہ برس کے اسی ماہ کے 3.52 ملین ٹن کے مقابلے میں 40.41 فیصد اضافے سے 4.943 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2021ء کے دوران سیمنٹ کی مقامی برآمدات گزشتہ سال کے اسی ماہ کے 3.271 ملین ٹن سے بڑھ کر 4.066 ملین ٹن جا پہنچی ہیں جس میں سالانہ لحاظ سے 24.29 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اپریل 2021ء کے دوران شمالی ریجن کے سیمنٹ کارخانوں نے مقامی مارکیٹ کو 3.377 ملین ٹن سیمنٹ برآمد کیا جبکہ گزشتہ برس اسی ماہ میں 2.928 ملین ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ کو فروخت کیا گیا تھا، اس طرح مقامی مارکیٹ کو سیمنٹ کی فروخت میں 15.33 فیصد اضافہ ہوا۔
جنوبی ریجن سے تعلق رکھنے والی سیمنٹ ملز نے اپریل 2021ء کے دوران مقامی مارکیٹ کو چھ لاکھ 88 ہزار 239 ٹن سیمنٹ فروخت کیا جبکہ اپریل 2020ء میں تین لاکھ 42 ہزار 594 ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ کو فروخت کیا تھا یوں رواں برس اپریل میں جنوبی ریجن سے مقامی مارکیٹ کو سیمنٹ کی فروخت میں 100 فیصد اضافہ ہوا۔