9 ماہ میں پاکستان اور مغربی یورپی ممالک کا تجارتی حجم پانچ ارب 50 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا

جولائی سے مارچ 2021ء کے دوران مغربی یورپی ممالک کو برآمدات سے پاکستان نے دو ارب 81 کروڑ 80 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا جبکہ درآمدات پر دو ارب 68 کروڑ 40 لاکھ ڈالر خرچ کیے گئے

469

اسلام آباد: پاکستان اور بیلجئیم، فرانس، جرمنی، ہالینڈ، سویٹزرلینڈ اور مغربی یورپ کے دیگر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.64 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جاری مالی سال میں پاکستان اور مغربی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ کا حجم پانچ ارب 50 کروڑ دو لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں مغربی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو ارب 81 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 6.81 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں میں مغربی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو ارب 63 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مارچ 2021ء میں مغربی یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 37 کروڑ 95 لاکھ 43 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ 2020ء کے مقابلہ میں 22.66 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 30 کروڑ 94 لاکھ 20 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں مغربی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں 12.76 فیصد اضافہ ہوا، اس عرصہ میں مغربی یورپی ممالک سے درآمدات کا حجم دو ارب 68 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی تین سہ ماہیوں میں مغربی یورپ کے ممالک سے درآمدات پر  دو ارب 38 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

مارچ 2021ء میں مغربی یورپی ممالک سے درآمدات کا حجم 32 کروڑ 59  لاکھ 70 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ مارچ 2020ء میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 24 کروڑ 63 لاکھ 60 ہزار ڈالر رہا تھا۔

مالی سال 2020ء میں مغربی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات سے ملک کو تین ارب 34 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا جبکہ تین ارب تین کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here