شریعہ کمپلائنٹ مشاورتی خدمات فراہم کرنے کیلئے میزان بینک اور ایگزم بینک کے درمیان معاہدہ

256

کراچی: میزان بینک لمیٹڈ نے حال ہی میں امپورٹ ایکسپورٹ (ایگزم) بینک آف پاکستان کے ساتھ اسلامک ٹریڈ فنانس، تکافل انشورنس، کارپوریٹ خدمات کی فراہمی اور اسلامی ترقیاتی بینک کے ذریعہ تکنیکی گرانٹ کے تحت چھوٹے اور درمیانی درجے کے برآمدکنندگان کے فروغ کیلئے بطور مشیر کام کرنے کے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔

یہ گرانٹ ایگزم بینک آف پاکستان کے توسط سے ملک میں بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے میں حکومتِ پاکستان کی مدد کرے گی جو برآمد کنندگان کو ایکسپورٹ کریڈٹ، تکافل، مصنوعات اور خدمات کی ضمانت فراہم کرے گی۔

معاہدے کے تحت میزان بینک شریعہ کے مطابق ٹریڈ فنانس مصنوعات اور رسک مینجمنٹ حکمتِ عملی تیار کرے گا جو بہت سارے ایس ایم ایز کو خطے میں تجارتی مقابلے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایگزم بینک سے مالی مدد حاصل کرنے کے قابل بنائے گی۔

معاہدے پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام اور ایگزم بینک کے صدر عرفان بخاری نے دستخط کئے جبکہ تقریب میں اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر منصور محتار نے جدہ سے آن لائن شرکت کی۔

اس موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر منصور محتار نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس معاہدے سے اسلامی بینکاری صنعت کو نئی مصنوعات کی تیاری میں مدد ملے گی۔ وہ ایگزم بینک کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے کام پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے مکمل تعاون کریں گے۔

اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی سرکاری ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے میزان بینک شریعت کے مطابق مصنوعات کی تیاری کیلئے ایگزم بینک کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور مشترکہ تفہیم کے ذریعہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کی راہ ہموار کرتے ہوئے پاکستان کو ایکسپورٹ حب بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اس موقع پر ایگزم بینک کے صدر عرفان بخاری نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ شریعہ کمپلائنٹ مصنوعات کی تیاری کیلئے میزان بینک مشیر کی حیثیت سے کام کرے گا جس سے پاکستان کی برآمد ات میں یقینی طور پر اضافہ ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here