اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15.02 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جاری مالی سال میں جولائی 2020 تا مارچ 2021ء کے دوران برطانیہ کو برآمدات میں 17.66 فیصد جبکہ برطانیہ سے درآمدات میں 8.51 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں (جولائی تا مارچ) میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم ایک ارب 50 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:
9 ماہ میں امریکا کو پاکستان کی برآمدات تین ارب ڈالر سے متجاوز
پاکستان کی خطے کے 9 ممالک کو برآمدات میں 5.7 فیصد کمی
افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں 5.90 فیصد کمی، درآمدات میں 14.24 فیصد اضافہ
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی ابتدائی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں 17.66 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم ایک ارب 28 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2021ء میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 19 کروڑ 86 لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ مارچ 2020ء میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 13 کروڑ 80 لاکھ 60 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں برطانیہ سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 8.51 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جولائی 2020ء سے مارچ 2021ء تک تین سہ ماہیوں کے دوران برطانیہ سے درآمدات پر 57 کروڑ 50 لاکھ 54 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برطانیہ سے درآمدات پر 52 کروڑ 99 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا زر مبادلہ صرف ہوا تھا۔
مارچ 2021ء میں برطانیہ سے چھ کروڑ 74 لاکھ 60 ہزار ڈالر مالیت کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ مارچ 2020ء میں برطانیہ سے پانچ کروڑ 17 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
مالی سال 2020ء میں برطانیہ کو برآمدات سے پاکستان نے ایک ارب 63 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جبکہ اسی سال برطانیہ سے 69 کروڑ 25 ہزار 50 ہزار ڈالر مالیت کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔