وفاق کا گلگت بلتستان کیلئے 370 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

یہ ابھی شروعات ہے، مزید مدد بھی کریں گے، سکردو ائیرپورٹ کیلئے بین الاقوامی پروازیں شروع کی جائیں گی، گلگت ائیرپورٹ کو توسیع دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کا خطاب

814
گلگت: وزیراعظم عمران خان سماجی و اقتصادی ترقی کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں (پی آئی ڈی)

گلگت: وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کیلئے 370 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ابھی شروعات ہے، مزید مدد بھی کریں گے، گلگت بلتستان میں سیاحت کے اتنے مواقع موجود ہیں کہ یہ مرکز سے پیسے لینے کی بجائے اسے دے سکتا ہے۔

جمعہ کو گلگت میں ترقیاتی پیکیج کے اعلان کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لئے ایسا پیکیج دینا چاہتے تھے جس سے اس علاقے میں ترقی ہو تاہم قرضوں اور ان کی قسطیں دینے کی وجہ سے حکومت کے پاس پیسے نہیں تھے، ہر جگہ سے فنڈز کا مطالبہ ہے تاہم اس کے باوجود گلگت بلتستان کے لئے تاریخی پیکیج دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سوئٹزرلینڈ سمیت دنیا کے خوبصورت علاقے دیکھے تاہم مجھے فخر ہے کہ گلگت بلتستان اُن سے زیادہ خوبصورت ہے، یہاں دنیا کے بڑے پہاڑی سلسلے، سرسبز میدان زیادہ خوبصورت ہیں، میں جب باہر سے واپس آیا تو اپنے دوستوں کو یہاں لے کر آیا، میں نے یہاں کی خوبصورتی کو اپنی کتاب میں بیان کیا، یوں دنیا کو اس علاقے کی خوب صورتی سے آگاہی ہوئی۔

گلگت: وزیراعظم عمران خان سماجی و اقتصادی ترقی کے پروگرام کا افتتاح کر رہے ہیں (پی آئی ڈی)

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں حکمران گرمیاں گزارنے بیرون ملک جاتے تھے، ان کی اولادیں وہاں تعلیم حاصل کرتی تھیں، ان کی جائیدادیں وہاں تھیں، وہ اس علاقہ میں ہیلی کاپٹر پر چکر لگا لیتے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس علاقہ میں انڈسٹریل زون کی بجائے سمال انڈسٹریز سودمند ہو سکتی ہیں، اس علاقہ کا پھل دنیا میں بہترین ذائقہ والا ہے، یہاں فوڈ پروسیسنگ یونٹس بنائے جا سکتے ہیں، یہاں سیاحت میں سب سے زیادہ مواقع ہیں اور یہ علاقہ رقبہ میں سوئٹزرلینڈ سے دوگنا بڑا ہے، سوئٹزرلینڈ سیاحت سے 60 ارب ڈالر سے 80 ارب ڈالر کماتا ہے، ہماری مجموعی برآمدات 25ارب ڈالر ہیں، گلگت بلتستان کی ترقی سے ناصرف مقامی افراد کو روزگار ملے گا بلکہ بیرونی سرمایہ آئے گا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاحت پر خصوصی توجہ مرکوز کریں، اگر یہ شعبہ سنبھال لیا تو آپ مرکز سے نہیں بلکہ مرکز آپ سے پیسہ مانگے گا، جس نعمت سے یہ علاقہ مالامال ہے اس کا ادراک ہی نہیں کیا گیا، یہاں گرمیوں اور سردیوں کی سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کا کمیونٹی سسٹم بہت مضبوط ہے، یہاں لوگ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، یہاں امن ہے، اس لئے یہاں بائی لاز پر عمل آسان ہو گا، بلدیاتی انتخابات سے یہاں نظام بہتر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پیکیج سے ہائیڈل پاور، سیاحت کا مربوط نظام، بابوسر ٹنل، یوتھ سکلز و سکالرشپ جیسے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ صحت کے شعبہ کو اَپ گریڈ کرنے کے علاوہ لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، سسٹم بہتر ہو گا تو انفراسٹرکچر بھی بہتر ہو گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ گلگت اور سکردو میں واٹر سنی ٹیشن بہت ضروری ہے، یہاں سمال و میڈیم انڈسٹری کامیاب ہو گی، اس میں حکومت مدد کرے گی، سکردو ائیرپورٹ کیلئے عالمی پروازیں شروع کریں گے، گلگت کے ائیرپورٹ کو بھی توسیع دیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء اسد عمر،علی امین گنڈاپور اور وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے بھی خطاب کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here