اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران سونے کی درآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 48.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا مارچ 2021ء کے دوران سونے کی درآمدات پر 5.9467 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ کیا گیا۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران سونے کی درآمدات پر 11.459 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا، یوں گزشتہ مالی کی تین سہ ماہیوں کے مقابلے میں رواں سال کی اسی مدت میں سونے کی درآمدات میں 48.10 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
مقدار کے لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو سونے کی درآمدات میں 63.97 فیصد گراوٹ آئی جو گزشتہ برس کے 272 کلوگرام سے کم ہو کر رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران محض 98 کلوگرام رہی۔
تاہم سالانہ اعتبار سے مارچ 2020ء کے مقابلے میں مارچ 2021ء میں سونے کی درآمدات 135.69 فیصد بڑھیں، مارچ 2021ء کے دوران سونے کی درآمدات 0.634 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال مارچ میں مذکورہ درآمدات کا حجم 0.269 ملین ڈالر دیکھا گیا تھا۔