اسلام آباد: پاکستان میں مارچ 2021ء کے دوران قیمتوں میں اضافے کے باوجود موٹر سائیکلز کی فروخت میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2021ء کے دوران موٹر سائیکلوں کی فروخت ایک لاکھ 70 ہزار 350 یونٹس تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مارچ 2020ء کے دوران موٹرسائیکلز کی فروخت کا حجم ایک لاکھ 413 یونٹس رہا تھا۔
اس طرح مارچ 2020ء کے مقابلہ میں مارچ 2021ء کے دوران موٹر سائیکلز کی ملکی فروخت میں 69 ہزار 937 یونٹس یعنی 70 فیصد کے قریب اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان میں کاریں بنانے والی تین بڑی کمپنیوں نے 8 سالوں میں کتنا ٹیکس دیا؟
پاک چین کمپنیوں کی مشترکہ تیار کردہ آلسوین کی چھ ماہ کی پروڈکشن 5 دن میں فروخت
مالی سال کے 9 ماہ کے دوران پاکستان میں کاروں کی فروخت میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ
واضح رہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں کاروں کی فروخت میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان آٹو موبائل ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر مارچ 2021ء تک کی مدت میں ملک میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 12 ہزار244 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے مقابلہ میں 31 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں کل 85 ہزار 330 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
مارچ 2021ء کے دوران ملک میں کاروں کی فروخت میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 195 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، مارچ 2020ء میں پانچ ہزار 796 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں سال مارچ میں 17 ہزار 105 کاریں فروخت ہوئیں۔
مارچ 2021ء میں ہونڈا سوک اور سٹی کے دو ہزار 603 یونٹس فروخت ہوئے، گزشتہ سال مارچ میں ان دو گاڑیوں کے ایک ہزار 327 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔ ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں مارچ کے مہینہ میں 1.77 فیصد اضافہ ہوا، مارچ 2021ء میں ٹویوٹا کرولا کے 2126 یونٹس فروخت ہوئے جبکہ گزشتہ سال مارچ میں 2089 یونٹس ٹویوٹا کرولا کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
سوزوکی سوئفٹ کی فروخت میں مارچ 2021ء کے دوران 333 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، مارچ میں سوزوکی سوئفٹ کی 355 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال مارچ میں سوزوکی سوئفٹ کے 82 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
مارچ میں نئی متعارف کردہ ٹویوٹا یاریس کے تین ہزار 317، سوزوکی کلٹس کے ایک ہزار 637 سوزوکی ویگن آر کے ایک ہزار 259 اور سوزوکی آلٹو کے چار ہزار 775 یونٹس فروخت ہوئے۔
دوسری جانب مالی سال 2021 کے پہلے 9 ماہ میں جیپوں کی فروخت میں 157.6 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد چھوٹی کمرشل گاڑیاں/ پک اپ کی فروخت میں 41.4 فیصد، ٹریکٹر 57.2 فیصد اور دو یا تین پہیوں والی سواری کی فروخت میں 22 فیصد کا اضافہ ہوا۔